جے پور؍نئی دہلی،24 /اگست (آئی این ایس انڈیا) راجستھان میں بہوجن سماج پارٹی کے چھ ایم ایل اے کے کانگریس میں انضمام کے معاملے میں راجستھان ہائی کورٹ نے فیصلہ سنایا ہے۔ راجستھان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی بنچ نے کہا ہے کہ قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر سی پی جوشی اس معاملے کو حل کریں۔
ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر کو بہوجن سماج پارٹی کے اراکین اسمبلی کے کانگریس میں ضم ہونے کے بارے میں فیصلہ کرنا چاہئے۔فی الحال کانگریس کے اندر جھگڑا ختم ہوگیا ہے، لہٰذا یہ معاملہ بھی بغیر کسی فیصلے کے مستقبل کے لئے کھلا رکھا گیا ہے کہ آگے اسپیکر کے فیصلے پر راجستھان ہائی کورٹ سماعت کر سکتی ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ اسپیکر نے کہا تھا کہ انہوں نے ابھی تک اس معاملے میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں لیا ہے اور اس سے قبل عدالت اپنا فیصلہ نہیں سنا سکتی ہے۔
بہوجن سماج پارٹی کے تمام چھ ممبران اسمبلی کانگریس میں شامل ہوگئے تھے۔ بی جے پی نے اس کے خلاف اسپیکر سے درخواست کی تھی اور کہا تھا کہ یہ دلبدل قانون کے تحت غلط ہے اور بہوجن سماج پارٹی کے تمام 6 ایم ایل اے کو نااہل قرار دیتے ہوئے ان کی رکنیت ختم کردی جائے۔ لیکن بی جے پی کی درخواست اسمبلی اسپیکر سی پی جوشی نے مسترد کردی۔ بعد میں یہ معاملہ ہائی کورٹ تک پہنچا۔